22 مارچ ، 2012
ڈھاکا… بنگلہ دیش میں یونیورسٹی کے طلبا اور تاجروں کے درمیان جھڑپ میں ایک شہری ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے۔ پرانے ڈھاکا کے علاقے میں ڈھاکا جگناتھ یونیورسٹی کے طلبا اور Patuatuli مارکیٹ کے تاجروں میں دو گھنٹے شدید جھڑپ جاری رہی جس میں ایک شہری ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جھڑپ کے دوران کئی دکانوں کو نقصان پہنچایا گیا اور ٹریفک بلاک کردی گئی۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس پھینکی گئی جس سے ایک بینک کا ملازم دم گھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق عوامی لیگ کے حمایتی طلبہ نے ایک تاجر کو حراساں کیا تھا جس کے بعد مارکیٹ کے تاجروں اور ملازمین نے دکانیں بند کرکے احتجاج کیا ، جوابی کارروائی میں طلبا نے ہنگامہ آرائی کی۔