20 اکتوبر ، 2013
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… النور انٹرنیشنل کے تحت اردو/ہندی مشاعرہ25اکتوبر کو ڈیلس کے مرکز میں واقع فیئر پارک میں ہو گا۔ مشاعرہ 25 اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا مشاعرے کے مہمان خصوصی بھارت کے وزیر قانون کپیل سیبل ہوں گے جبکہ نظامت کے فرائض بھارت کے ایم پی محمد ادیب انجام دیں گے۔ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے النور انٹرنیشنل کے بانی و معروف شاعر نور امرہوی نے بتایا کہ النور انٹرنیشنل کی جانب سے ہونے والے اس مشاعرے میں بھارت‘ پاکستان‘ سعودی عرب‘ امریکہ‘ کینیڈا اور دیگر کئی ممالک سے شاعروں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں منور رانا‘ ڈاکٹر وشنو سکسینا‘ ڈاکٹر زبیر فاروق‘ ڈاکٹر کلیم ضیاء‘ سرفراز آباد‘ ابھنے شوکلہ‘ خالد خواجہ اور ارچنا پانڈے شامل ہیں۔ نور امرہوی نے مزید بتایا کہ النور انٹرنیشنل کو یہ سعادت حاصل رہی ہے کہ اس کی جانب سے ہونے والے مشاعروں میں نئی جدت پیدا کر کے آنے والے سامعین کیلئے تفریح کا بھرپور سامان فراہم کیا جاتا ہے جیسا کہ کروز پر مشاعرہ وغیرہ۔ انہوں نے کہاکہ اس بار بھی ہونے والے مشاعرے کی خوبی یہ ہے کہ یہ ڈیلس کے فیئر پارک میں رکھا گیا ہے جو کہ انتہائی خوبصورت علاقہ ہے اور یہ مکمل طور پر اوپن ایئر ہے جبکہ اس مشاعرے میں بھارت کے وزیر قانون بھی شرکت کر رہے ہیں جنہوں نے بھارت میں اُردو ادب کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔