23 اکتوبر ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…روسی صد ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور اقتصادی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، روسی خبر رساں ادارے” RIA Novosti“ کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوٹن نے روس اور پاکستان کے درمیان نئے مشترکا اقتصادی پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کی تعریف کی، لیکن دہشت گردی اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا مطالبہ کیا۔ روس میں 19نئے سفیروں کی اسناد حاصل کرنے کے لئے منعقدہ تقریب میں صدر پیوٹن نے کہا کہ روس نے اپنے ہمسایہ ایشیائی ممالک میں توانائی اور دھاتی صنعتوں میں بڑے مشترکا پراجیکٹس لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔رپورٹ کے مطابق روس اور پاکستان ماضی میں افغانستان سے منشیات کے خلاف آپریشن میں باقاعدگی سے اکھٹے کا م کیا،اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان دنیا کا سب سے بڑا منشیات پیدا کرنے والا ملک ہے۔ رپورٹ کے مطابق15لاکھ روسی ہیروئن کے عادی ہیں لیکن بعض مبصرین کے نزدیک یہ اعداد وشمار دگنے ہیں۔پیوٹن نے دیگر ممالک کے ساتھ بھی تعاون پر زور دیا جن ممالک کے سفیر اس تقریب میں موجو د تھے،ان میں چاڈ کے ساتھ تیل اور گیس کے فروغ، موزمبیق میں کان کنی اور پیرا گوئے کے ساتھ فوجی اور اقتصادی تعاون شامل ہے۔