22 مارچ ، 2012
کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کوئٹہ میں اغواء برائے تاوان اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان جے یو آئی (ف)کے رہنماء سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ ظفر زہری اس بات کا برملا اقرار کر چکے ہیں کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بعض وزراء ملوث ہیں، ہم وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی اور صوبائی وزراء سے کہتے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک عدالتی کمیشن بنائیں اور اغواء کی وارداتوں میں ملوث اور اغواکاروں کی پشت پناہی کرنے والے وزراء کی نشاندہی کریں،جو وزیر اس میں ملوث ہوں ان پر تاحیات پابندی عائد کریں۔ انہوں نے کہا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ایسے میں جے یو آئی ف ان گھمبیر مسائل کی نشاندہی اور ان کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جلسے منعقد کئے جائیں گے اور احتجاج کیا جائے گا۔