25 اکتوبر ، 2013
دبئی…دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 517 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح اسے پاکستان کے خلاف 418 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سعید اجمل نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دبئی میں کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ میں کپتان گریم اسمتھ227 اور اے بی ڈیولیئرزنے 157رنز کے ساتھ گذشتہ روز کے مجموعی اسکور 460 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز کا آغاز کیا، لیکن جلد ہی پاکستان کو آج پہلی کامیابی اس وقت ملی جب اے بی ڈیولیئرز 164 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ گریم اسمتھ کی گری، جو 234 رنز بناکر سعید اجمل کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے۔جے پی ڈومینی صرف 7 رنز بناسکے، ان کی وکٹ محمد عرفان کے حصے میں آئی۔فلینڈر 8 ، مورکیل7 اور عمران طاہر 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔گریم اسمتھ نے 234 اور ڈیویلیئرز نے 164 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔سعید اجمل نے 6 ، محمد عرفان نے 3 جبکہ ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 99رنز بناسکی تھی۔ دو میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔