27 اکتوبر ، 2013
پشاور…پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب خضر حیات نے وفاقی حکومت اور احتساب بیورو سے مطا لبہ کیا ہے کہ ملک کی معا شی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر مشرف اور زرداری دورکے ان تمام وزراء اور اعلیٰ اداروں کے سر براہوں کو گرفتار کیا جا ئے جنہوں نے ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لوٹا،انہوں نے کہا پچھلے دونوں ادوار میں جو لوٹ مار ہوئی ہے تا ریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے اسی سبب مو جودودہ حکومت کو اب مشکل فیصلے کر نا پڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں پاکستان ترقی کر نے کی بجا ئے دن بدن کمزور ہوتا چلا گیا اور اسی دور میں ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کی دلدل میں بھی پھنسے جس کا خمیازہ آ ج پو ری قوم اٹھا رہی ہے ۔اسی طرح زرداری دور میں کرپشن نے سر اٹھا لیا اور حکومتی وزراء سے لیکر چھوٹے افسران نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری حکومت کے چھوٹے سے چھوٹے وزیر نے بھی اربوں روپے کی کر پشن کی اور قومی خزانہ کو جا گیر سمجھ کر بے دردی سے لوٹا اور اب آرام کی زند گی بسر کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے کرتوتوں کی وجہ سے آج ملک میں لوڈ شیڈنگ ، اشیائے ضروریہ کی آ سمان سے با تیں کرتی قیمتیں ، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضا فہ اور ملکی معیشت کی تباہی کی صورت میں ہمارے سامنے ہے ،موجودہ حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ان مگر مچھوں کو پکڑ کر نہ صرف ان سے لو ٹی گئی دولت واپس لے بلکہ انہیں ایسی عبرت کا بھی نشان بنائے تا کہ آ ئندہ کو ئی بھی سیاستدان یا بیوروکریٹ قومی خزانے کو لو ٹنے کابھی نہ سو چ سکے ۔