پاکستان
30 اکتوبر ، 2013

سانحہ سہراب گوٹھ 1986ء کے شہداء کو الطاف حسین کا خراج عقیدت

سانحہ سہراب گوٹھ 1986ء کے شہداء کو الطاف حسین کا خراج عقیدت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ سہراب گوٹھ 31اکتوبر1986ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ جس تحریک میں شہداء کا لہو شامل ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت اور سازش صفحہ ہستی سے نہیں مٹاسکتی ۔ سانحہ 31اکتوبر 1986ء کے شہداء کی 27ویں برسی کے موقع اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ سہراب گوٹھ 1986ء ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اس دن سندھ کے مستقل باشندوں کو آپس میں لڑانے کیلئے کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیوایم کے جلوسوں پر مسلح حملے کرائے گئے اور ایم کیوایم کے درجنوں معصوم و بے گناہ کارکنان کو شہید وزخمی کردیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ سہراب گوٹھ 31اکتوبر 1986ء اس لئے کرایا گیا تھا کہ 8، اگست 1986ء نشترپارک کراچی میں ایم کیوایم نے پہلا تاریخی کنونشن منعقد کیا جس میں حق پرست عوام کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت نے استحصالی عناصر کے ایوانوں میں ہلچل مچا دی اور انہوں نے حق پرستی کی تحریک کو ختم کرنے کیلئے 31اکتوبر 1986ء کو خون کی ہولی کھیلی لیکن تاریخ گواہ ہے کہ حق پرستی کی تحریک کو ختم کرنے کیلئے جتنے بھی سازشی منصوبے کے تحت سانحات کرائے گئے انہیں وقت نے ثابت کردیا کہ یہ سانحات ایم کیوایم کو کمزور نہیں بلکہ اس کی مضبوطی اور نظریئے کے فروغ کا باعث بنے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج ایم کیوایم کے شہداء کی عظیم اور لازوال قربانیوں کی بدولت ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہے اور ایم کیوایم کے خلاف پھیلائے گئے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈوں کے اثرات سے باہر نکل چکی ہے۔ الطاف حسین نے سانحہ 31اکتوبر 1986ء کے شہداء کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام سانحہ سہراب گوٹھ 31، اکتوبر 1986ء کے شہداء کی 27ویں برسی جمعرات 31، اکتوبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ،اس سلسلے میں سندھ ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاترپر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے جبکہ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بعد نماز ظہر تا عصر ہوگا ۔

مزید خبریں :