31 اکتوبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ دنیامیں کوئی بھی کسی کی پوزیشن یا مقام نہیں لے سکتا، ہرفردکی اپنی حیثیت اور اپنامقام ہوتاہے اوراس سے اس کی جگہ یاحیثیت کوئی نہیں لے سکتا۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم پاکستان اورلندن کی رابطہ کمیٹی کو دیے گئے ایک طویل لیکچرمیں کہی۔ الطا ف حسین نے لیکچرمیں قومی وبین الاقوامی حالات،تنظیمی صورتحال،انسانی فطرت اوربشری خامیوں کے بارے میں تفصیلی اظہارخیال کیا۔ یہ تفصیلی لیکچر بعدمیں جاری کیاجائے گاتاہم آج اس لیکچر کے چنداقتباسات جاری کئے جارہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایک ہی قوم ،ایک ہی طبقہ ،ایک ہی گروہ یاایک ہی جیسی رنگت ،زبان یا نسل سے تعلق رکھنے کے باوجودانسانوں کی فطرت، صلاحیت،ذہنی پختگی،آئی کیولیول اورخوبیوں میں فرق ہوتاہے۔انسان اسی بنیادپر معاشرے میں اپنامقام اورپوزیشن بناتاہے۔تاہم اگر کسی دوسرے انسان میں بھی ایسی ہی صلاحیتیں،خوبیاں اورذہنی پختگی ہوتوبھی وہ ایسی ہی صلاحیتیں اورخوبیاں رکھنے والے کسی دوسرے فرد کی پوزیشن یامقام حاصل نہیں کرسکتاکیونکہ ہرفردکااپنامقام، اپنی صلاحیت اور اپنی خوبیاں ہوتی ہیں۔انسان کو اس خوف میں مبتلانہیں ہوناچاہیے کہ کوئی آکے میری کرسی یامیرامقام یا میری جگہ لے لے گا۔ مثال کے طور پرجن لوگوں نے سقراط کے علم وفکر کی مقبولیت سے خوف کھاکراس کوزہردینے کافیصلہ کیا وہ سقراط کوزہر کاپیالہ پلانے کے باوجود بھی سقراط نہیں بن سکے اوراس کی جگہ نہیں لے سکے۔انہوں نے کہاکہ اپنی پوزیشن یامقام کھوجانے کاخوف انسان میں نہ صرف منفی سوچ پیدا کرتاہے بلکہ یہ خوف اس انسان کی صلاحیتوں کوبھی نقصان پہنچاتا ہے لہٰذا انسانوں کواس خوف میں مبتلاہونے کے بجائے ایک دوسرے کی قدرکرنی چاہیے اور ایک دوسرے کااحترام کرناچاہیے۔ الطاف حسین نے کہاکہ یہی انسانی فطرت ہمیں قومی سیاست میں بھی نظرآتی ہے اور ہم اقتدار کیلئے آپس میں لڑتے رہتے ہیں جبکہ ہمارے ملک کے دشمن چاروں طرف سے ملک کونقصان پہنچانے کے درپے ہیں لہٰذا ہمیں آپس میں اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرناچاہیے ۔