01 نومبر ، 2013
کراچی…کراچی میں آدھے گھنٹے کے دوران 2بینک ڈکیتیوں کے دوران ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر لے گئے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں واقع نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات میں ملزمان 20 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ آدھے گھنٹے کے دوران یہ بینک ڈکیتی کی دوسری واردات ہے اس سے قبل بفرزون میں نجی بینک سے ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق پانچ مسلح ملزمان بفرزون سیکٹر 15اے ون میں واقع نجی بینک سے 15لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، اس دوران نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان جاتے جاتے بینک سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال یہ 25 ویں بینک ڈکیتی ہے۔ کسی بھی واردات میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔