01 نومبر ، 2013
میران شاہ…ایک برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ جمعہ کی شام کو شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود مارا گیا ہے،واضح رہے کہ اس امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کے قریب میرانشاہ کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں دوجاسوس طیاروں نے ایک گھر پر چار میزائل داغے جس سے گھر اورایک گاڑی تباہ ہوگئی۔حملے میں 4 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے جو بعد میں دم توڑگئے۔ذرائع کاکہنا تھا کہ حملے میں تباہ ہونے والا گھر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مرکز تھا ،جبکہ تباہ ہونیوالی گاڑی حکیم اللہ محسود کے زیر استعمال تھی۔حکیم اللہ محسود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکز آتا رہتا تھا۔تاہم حملے کے وقت حکیم اللہ محسود کے گاڑی میں موجود ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دوکمانڈرطارق محسوداور عبداللہ مارے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کے وقت مرکز میں کالعدم تحریک طالبان کی شوریِ کا اجلاس جاری تھا۔