25 مارچ ، 2012
پشاور…پشاور میں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی۔ بجلی کی بندش سے میٹرک امتحانات کی تیاری میں طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔پشاور کے شہری علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے بیس گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔پشاور کے علاقے صدر، نوتھیہ ،گلبرگ، کوہاٹ روڈ، ورسک روڈ ، بابو گڑھی ، حاجی کیمپ، گلبہار، سیٹھی ٹاوٴن اور اندرون شہر کے علاقوں میں چار چار گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جس سے میٹرک کے امتحانات کی تیاری میں مصروف طلباء ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔ ٹیوب ویلوں کی بجلی بند ہونے سے پشاور کے بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔