25 مارچ ، 2012
کراچی … مجلس وحدت المسلمین کے رہنما راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ لبنان کی طرح پاکستان کی سیاست میں حصہ لیں گے اور یکم جولائی کو مینار پاکستان پر جلسے میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، پاکستان توڑنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے، نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کے تحت قرآن و اہل بیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اقتدار کی فکر ہے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، اپنے حقوق پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونی چاہئے، نیٹو سپلائی کی بحالی کو قبول نہیں کیا جائے گا، ملک میں غیر ملکی مداخلت کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ رہنما مجلس وحدت المسلمین کا کہنا ہے کہ لبنان کی طرح پاکستان کی سیاست میں حصہ لیں گے، یکم جولائی کو مینار پاکستان پر جلسے میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، قربانیاں دیتے رہیں گے لیکن ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توڑنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ اجتماع پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خلاف ہے۔