25 مارچ ، 2012
کراچی … وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والی حالیہ ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا ہے جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، فاخرہ کیس کی دوبارہ تحقیقات کیلئے بھی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جائے گی۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ملیر میں 2 وکلاء کے قتل کی تحقیقاتی کمیٹی ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان جھنڈا لگانے پر فائرنگ ہوئی جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ایم کیو ایم اور اے این پی دونوں ہمارے اتحادی ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ فاخرہ کیس کی تحقیقات کے لئے بھی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جائے گی۔