10 جنوری ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ رحمان ملک ماضی کے قصے چھوڑ کر اپنے ان گناہوں کا حساب دیں جن کی طرف سپریم کورٹ نے واضح اشارہ دے دیا ہے۔ لاہورسے جاری اپنے بیان میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ رحمان ملک کاغذ کے جن جعلی ٹکڑوں کو دکھاتے پھر رہے ہیں سپریم کورٹ انہیں تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کوئی سیاستدان نہیں جس نے نواز شریف جیسی استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہو۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جیل، جلا وطنی اور مالی نقصانات کے باوجود اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔