01 دسمبر ، 2013
لاہور…پنجاب میں مہنگائی کے پسے عوام کی آہ و بکا بالآخر وزیراعلیٰ تک پہنچ گئی اور انہوں نے اشیائے خورو نوش کی آسمانوں کو پہنچی قیمتوں کا نوٹس لے لیا ہے، پرائس کنٹرول کرنے والے اہلکاروں کو ہفتے میں تین بار سبزی و فروٹ منڈیوں کا اچانک دورہ کرنے کاحکم دیا ہے زرعی ملک ہونے اور سبزیوں کی وافر پیداوار کے باوجود ملک میں گذشتہ دنوں سبزیوں کی قیمتیں آسمانوں کو پہنچی ہوئی تھیں ، جن میں ٹماٹر دو سو روپے کلو تک فروخت ہورہا تھا ، اسی طرح لہسن ، ادرک ، آلو پیاز جیسی اشیا بھی قیمت کی سنچری سے اوپر نکل چکی تھیں، اور ایسا صرف اس لیے تھاکہ روک ٹوک نہیں ہورہی تھی ، بالآخر پنجاب حکومت جاگ اٹھی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور منتخب اہلکاروں کو سبزی و فروٹ منڈیوں کے دورے کا حکم دیا ہے ، انہوں نے کہاکہ اہلکار اور عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کی سبزی و فروٹ منڈیوں کا کم از کم ہفتے میں تین بار اچانک چھاپہ ماریں اور صبح کے وقت چھاپہ مارا جائے جبکہ سبزی منڈیوں میں کاروبار عروج پر ہوتاہے ، شہباز شریف نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کمشنرز کو ان کا جہاز یا ہیلی کاپٹر درکار ہے تو وہ اسے بھی استعمال کرسکتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اتوار بازاروں کے علاوہ صوبے بھر میں کم از کم ایک سوپچاس سستے بازآر لگائے جائیں ، جبکہ مارکیٹ کمیٹیوں میں شامل کرپٹ افراد کو فارغ کیا جائے ۔