03 دسمبر ، 2013
کراچی…نارتھ ناظم میں دومقامات پر تبلیغی جماعت کے 3افرادسمیت 7افراد قتل کردیے گئے، یونی ورسٹی روڈ پر فائرنگ سے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما مولانا دیدار حسین محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایک ڈبل کیبن گاڑی پرفائرنگ کردی جس میں سوار 5افرادشدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ 5زخمیوں میں سے 4راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگ دڑ مچ گئی۔ پولیس نے سخی حسن میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شخص کی شناخت مشتاق مہمند کے نام سے کی ہے۔ اس سے کچھ دیر قبل نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع مدنی مسجدکے باہر نامعلوم ملزمان نے تبلیغی جماعت کے وفد پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے باعث 3افرادجاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دو افراد کا تعلق مراکش سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مراکش سے 6افراد کا وفد تبلیغ کے سلسلے میں مدنی مسجد میں ٹھہرا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں پولیس کے مطابق اتحاد ٹاوٴن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جان بحق ہوگیا۔ اس سے قبل لانڈھی عوامی کالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا تھا۔ ایک اور واقعے میں یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے قریب دوپہر کے وقت نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مجلس وحدت المسلمین کے عہدے دار مولانا دیدار حسین اپنے گارڈ سمیت جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب اورنگی ٹاوٴن رئیس کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو فراد زخمی ہوئے جبکہ شارع فیصل گورا قبرستان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔