پاکستان
03 دسمبر ، 2013

دہشت گردی کے واقعات پر عوام مشتعل نہ ہوں ،متحد رہیں، الطاف حسین

دہشت گردی کے واقعات پر عوام مشتعل نہ ہوں ،متحد رہیں، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پیرکے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بے گناہ شہریوں کی کودہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پرگہری تشویش کااظہار کیا ہے اور تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات پر ہرگز مشتعل نہ ہوں ، اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں اورماضی کی طرح پرامن رہ کر فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازش کو ناکام بنادیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونے پرگہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے شیعہ اور سنی سمیت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے دردمندانہ اپیل کی وہ دہشت گردی کے ان واقعات پرچھوٹے چھوٹے اجتماعات کرکے عوام کو صبروتحمل اور برداشت سے کام لینے کا درس دیں اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر علاقے کے عوام اور شیعہ وسنی اکابرین پر مشتمل امن کمیٹیاں قائم کریں ۔ الطاف حسین نے کہاکہ یہ حکومت، انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کافرض ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث خفیہ ہاتھوں کونہ صرف ہرقیمت پر تلاش کریں بلکہ ان خفیہ عناصرکی گرفتاری کیلئے ہنگامی اقدامات بھی کریں۔ الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں دہشت گردی کی وارداتیں کرنے والوں کے گردگھیرا تنگ کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پولیس انتظامیہ کا اجلاس طلب کریں، انہیں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت دیں اور شہر میں امن وامان کی فضاء کے قیام کیلئے گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ مل کر پورے شہر کا دورہ کریں۔ الطاف حسین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔


مزید خبریں :