پاکستان
04 دسمبر ، 2013

پورٹ قاسم میں بھرتیاں،وفاق نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا

 پورٹ قاسم میں بھرتیاں،وفاق نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا

اسلام آباد… پورٹ قاسم میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے، جمع کرائے گئے جواب کے مطابق 891 تقرریاں غیر قانونی طریقے سے کی گئیں۔سپریم کورٹ میں پورٹ قاسم میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی ،وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق پورٹ قاسم کی بھرتیوں میں آئین اور قانون کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔کئی افراد کی ڈگریاں اور تجرباتی سرٹیفکیٹ بھی جعلی ہیں۔گریڈ 20 سے اوپر کی تقرریاں وزیر اعظم کی منظوری کے بغیر کی گئیں۔گریڈ 17 سے گریڈ 20 میں 85 افسران کو بھرتی کیا گیا۔صوبوں کے مخصوص کوٹہ کو پس پشت ڈال کر صرف کراچی کے دو اضلاع سے بھرتیاں کی گئیں۔ درخواست گزار عبد الجبار میمن کی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پورٹ قاسم کی انتظامیہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔درخواست گزار کی تین سال سے تنخواہ کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ عدالت نے عبدالجبار میمن کو تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :