04 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…بجلی ملے گی وہ بھی بغیر لوڈشیڈنگ ، مگر اس کیلئے کرنا ہوگا دو ہزار سترہ کا انتظار ، وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کہتے ہیں سال 2017تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا صفایا کر دیں گے ، عابد شیر علی نے کوریا ساوٴتھ ایشیا پاور فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی سے بجلی 60ہزار میگاواٹ تک حاصل کی جاسکتی ہے ،اگر کوریائی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں تو انہیں سیکورٹی اور سہولتیں دیں گے ،ان کا کہنا ہے کہ یہ وزیر اعظم نواز شریف کا وژن ہے ، اور سرمایہ کاروں کا حکومت پر اعتماد ہے وہ پاکستان میں پن بجلی ، کول اور ٹرانسمشن لائنوں کی تنصیب میں سرمایہ کاری کر نا چا ہتے ہیں۔عابد شیر علی نے کہاجوہری توانائی سے بجلی کے حصول کیلئے 6مزید جگہوں کا انتخاب کر لیا ہے، وزیر اعظم کی سختی سے ہدایات ہیں کہ969میگاواٹ کے نیلم جہلم منصوبہ دسمبر 2015 تک کی ڈیڈ لائن میں بروقت مکمل کئے جائیں، ماضی میں بہت تاخیر ہوگئی ، اب اور نہیں ہوگی۔ اس منصوبے کو بہت تیزی کے ساتھ مکمل کر رہے ہیں ، کیونکہ یہ منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے، ٹرانسمشن لائن کی تنصیب کے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ کوریا ساوٴتھ ایشیاء فورم میں شریک 24کورین کمپنیوں کو پاکستان میں پن بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری ،اور 6660 میگا واٹ والے گڈانی پاور پارک پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔