04 دسمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں گزشتہ روز پرتشدد واقعات کے بعد آج مختلف علاقوں میں ہڑتال کی صورتحال رہی، بچوں کواسکول بھیجنے میں والدین شش و پنج کا شکار رہے۔ گزشتہ روز کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں شیعہ عالم دین اور تبلیغی جماعت کے2 غیر ملکیوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے،کئی علاقوں میں جلد بازار بند ہوگئے، ٹرانسپورٹرز نے بدھ کوحالات دیکھ کر گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا اعلان کیا، جامعات نے پرچے ملتوی کردیے ، جس کے بعد شہری غیر یقینی صوتحال سے دوچار ہوگئے، کوئی یہ جاننے کو بے تاب ہوا کہ اسکول کھلیں گے یا نہیں، تو کسی کو امتحان کی فکر لاحق ہوگئی۔ دفاتر جانے والوں نے اس سوچ کے ساتھ رات گزاری کہ کل آفس جائیں یا نہیں۔ بدھ کوصبح سویرے کھلنے والی اکثر دکانیں بھی بند نظر آئیں توطلبہ و طالبات اور ان کے والدین اس الجھن میں پڑ گئے کہ وہ بچوں کواسکول اور کالج بھیجیں یا نہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے رحم وکرم پرسفرکرنے والے اکثر لوگ دفاتر سے غیرحاضر رہے، دوپہر کے بعد معمولات زندگی بحال ہوئے۔