04 دسمبر ، 2013
کراچی …کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی گئی جبکہ ان کی تدفین ٹھری میر واہ میں کردی گئی۔ گذشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا دیدار حسین کی نماز جنازہ نمائش پر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد میت تدفین کیلئے ٹھری میرواہ روانہ کردی گئی، جہاں مولانا کو آبائی گوٹھ رحیم جلبانی میں سپردخاک کیا گیا۔مولانا دیدار حسین جلبانی گذشتہ روز مسلح حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ سے اپنے گارڈ سمیت جاں بحق ہوگئے تھے، نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان سے بدتر بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اسلام دشمنوں کو اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شہدائے کربلا کے چہلم پر شیعہ اور سنی مل کر بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے دہشت گردوں کے خلاف فوری آپریشن کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب گذشتہ روز نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں مدنی مسجد کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تبلیغی جماعت کے افراد کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔ مدنی مسجد کے باہر تبلیغی جماعت کے افراد پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں سے 2 کا تعلق مراکش سے تھا۔