06 دسمبر ، 2013
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختون خوا میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد بندوق کے زور پر ملک میں حکومت کرنے میں ناکامی کے بعد اب پارلیمنٹ کے ذریعے ملک پر حکومت کررہے ہیں۔نوشہرہ کلاں میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا کی موجودہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے نیٹو سپلائی کی بندش سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا اور مرکزی حکومت دونوں دہشت گردوں کی حمایت میں مصروف ہیں۔حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر چوہدری نثار نے اتنا سوگ منایا جتنا کسی نے بھی نہیں منایا۔ عمران خان بھی دہشت گردوں کے لئے دفتر کا مطالبہ کررہے ہیں اور سید منور حسن نے تمام شہیدوں کے خون پر پانی پھیر دیا۔اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی ٰ کے پی کے امیر حیدر خان ہوتی نے موجودہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک اتنے بے اختیار ہیں کہ ناشتہ بھی عمران خان سے پوچھ کرکرتے ہیں تو صوبے کی کیا خدمت کریں گے۔ناکامی نے سونامی کو بدنامی میں بدل دیا ہے