06 دسمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی والدہ محترمہ خورشید بیگم کی 28ویں برسی لندن میں بھی عقیدت وحترام سے منائی گئی۔ اس سلسلے میں ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں قرآن خوانی ہوئی جس میں اراکین رابطہ کمیٹی، یوکے یونٹ کے ذمہ داران وکارکنان ، خواتین ، بزرگوں اوربچوں نے شرکت کی ۔ جس کے بعد مرحومہ خورشیدبیگم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر تحریک کے تمام شہداء کوبھی زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا اورتحریک کی کامیابی اورالطاف حسین کی درازی عمر کیلئے دعائیں کی گئیں ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے لاہور میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مذہبی رہنما ء مولاناشمس الرحمن کے بہیمانہ قتل پر شدیدا لفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کو فراقہ وارانہ فسادات کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مذہبی رہنماؤ کا تواتر کے ساتھ قتل ملک میں مذہبی فسادات کو نہ صرف ہوا دینا ہے بلکہ ملک کو بد امنی کی جانب لیجانے کی مذموم سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے مولانا شمس الحق کے قتل کی تحقیقات کی جائے اور واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث دہشت گرد عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ انہوں نے مولانا شمس الرحمن کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغغرت اور سوگوارن کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔