08 دسمبر ، 2013
پشاور…قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب خان شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ حکومت فاٹا کے نقصانات کے ازالے کیلئے خصوصی پیکیج کااعلان کرے، انہوں نے فاٹا میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کامطالبہ کیا۔خیبرایجنسی کے قبائلی زعماء کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پرآفتاب خان شیرپاوٴ کا کہناتھا کہ فاٹا کے عوام بہت مشکل دورسے گزررہے ہیں اورانہوں نے حالیہ سالوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں اورآج بھی ہزاروں قبائل نقل مکانی پرمجبورہوکرکیمپوں میں رہ رہے ہیں لیکن ان کے ساتھ سوتیلی کاماں کاسلوک کیا جارہاہے۔ انہوں نے ان کیمپوں میں مقیم قبائل کو سہولیات دینے،فاٹا کے مسائل کے حل پرخصوصی توجہ دینے فاٹا میں اصلاحات نافذ کرنے بلدیاتی انتخابات کرانے اورعدلیہ کوانتظامیہ سے الگ کرنے کے اقدامات کی ضرورت ہے ان کا کہناتھا کہ فاٹا میں ڈرون حملوں سمیت ہرقسم کے حملے قابل مذمت ہیں، لیکن اس کے دوسرے اہم مسائل کوحل کرنے کی بھی ضرورت ہے ان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف نیٹوسپلائی روکنے کے مسئلے میں کنفیوزہے اورپھنس گئی ہے اوراب فرارکے بہانے ڈھونڈ رہی ہے ان کا کہناتھا کہ کارکنوں کوٹرانسپورٹرزکوہراساں پراکسانے والوں کے خلاف بھی ایف آئی آردرج کی جائے۔