08 دسمبر ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے تحت نائن زیرو پر سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم بھی سندھ دھرتی کے بیٹے ہیں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ سندھ کی یک جہتی کی بات کی ہے۔ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر سندھی ثقافت کے دن کی مناسبت سے تقریب ہوئی۔ مرد، خواتین اور بچوں نے سندھی ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس پہن کر فخرکا اظہار کیا۔ نوجوانوں نے سندھی گانوں پر علاقائی رقص بھی کیا۔ شرکاء سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے حقوق کی جدو جہد جاری رہے گی اور ایم کیو ایم ہی یہ جنگ جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی سندھ کی دھرتی کے بیٹے ہیں۔ تقریب میں ایم کیو ایم کے رہنماوٴں اور کارکنان نے سندھ دھرتی کی ترقی و استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔