08 دسمبر ، 2013
کراچی…اہلسنت و الجماعت نے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 13دسمبر کو نماز جمعہ کے بعداحتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ منظم سازش کے تحت اہل سنت کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان اور کارکنوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر کراچی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور ریگل چوک صدر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں اہلسنت و الجماعت کے رہنما علامہ اورنگزیب فاروقی نے بتایا کہ 13 دسمبر کو ملک بھر میں پر امن احتجاج اور 15 دسمبر کو علماء و مشائخ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ منظم سازش کے تحت اہلسنت عوام کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ احتجاج کے بعدمظاہرے کے شرکاء پر امن طور منتشر ہوگئے۔