08 دسمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں جاری عالمی کتب میلے میں لوگوں کی دل چسپی ہر گزرتے روز مزید بڑھ رہی ہے۔بک فیئر کے چھٹے روزآج اتوار کو تو پوری پوری فیملیز کتابیں خریدنے آئیں۔ خوش گوار موسم اورپھرچھٹی کا دن ہوتو پہلی ترجیح عموماً تفریحی مقامات ہوتے ہیں لیکن جب شہر میں علمی خزانوں کی بہار آئی ہوتوبھلاکیسے کہیں اور جایا جاسکتا ہے،اسی لیے کراچی والوں نے رخ کیا ایکسپو سینٹر میں جاری عالمی کتب میلے کا،جہاں صبح سے ہی لوگوں کا رش یہ بتارہا تھا کہ انہیں کتب بینی کا کتنا شوق ہے۔میلے میں والدین بچوں کے لئے کتابیں خریدتے نظر آئے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں سے بچوں میں مطالعے کی عادت پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ کہانیوں، نظموں کی کتابیں اورآرٹ اینڈ ڈرائنگ بکس میں بچوں نے خصوصی دلچسپی لی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر سال اس کتب میلے کے شرکاء میں اضافہ ہورہا ہے۔کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا جدید دور بھی کتاب اور قاری کا رشتہ کمزور نہیں کرسکا ہے، ایکسپو کے شرکاء کا کہنا ہے کہ چھٹی کے دن تفریحی مقامات کے بجائے کتب میلے میں لوگوں کا رش اس بات کا ثبوت ہے کہ کتابیں پڑھنے کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آئی۔