08 دسمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی صدارت میں ہفتہ کی شب اہم تنظیمی اجلاس ہوا ۔جس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت، رابطہ کمیٹی لندن کے ارکان کے علاوہ پاکستان سے آئے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی اورپارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار،سینیٹربابرغوری، سینیٹرحسیب خان، سینیٹربیرسٹر فروغ نسیم ،رکن سندھ اسمبلی رووٴف صدیقی اورانٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان نے شرکت کی جبکہ پاکستان میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی ،انجینئر ناصرجمال،ڈاکٹرنصرت، دیگراراکین رابطہ کمیٹی اورتمام تنظیمی شعبہ جات کے ارکان شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے تمام شرکاء کوتحریک کے خلاف کی جانے والی سازشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک کے خلاف کی جانے والی یہ سازشیں اورزہریلے پروپیگنڈے ایسی ہی سازشوں کاحصہ ہیں جن کاآغاز 19 جون 1992ء کوکیاگیاتھا لیکن تحریک کے تمام کارکنان اورقوم کاایک ایک فرد ان سازشوں سے اچھی طرح آگاہ ہے اوروہ چٹان کی طرح متحد ہے۔ اس موقع پر تمام ارکان رابطہ کمیٹی اورتمام تنظیمی شعبہ جات کے ارکان نے الطا ف حسین کی قیادت پر مکمل اور بھرپور اعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ دنیادیکھ لے کہ ہم قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں کل بھی ایک تھے اورآج بھی ایک ہیں اورجو ایم کیوایم دشمن متعصب عناصر ایم کیوایم میں دھڑے بندیوں کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ کل بھی اپنی ناپاک سازشوں میں ناکام ہوئے تھے اوراب بھی ان کی سازشیں ناکامی سے دوچارہوں گی۔ دریں اثناء الطاف حسین نے بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے کونسلروں کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے کونسلروں کا الیکشن لڑ کر منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیوایم قومی سطح کی جماعت ہے اور ملک بھر کے مظلوم عوام ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد و منظم ہورہے ہیں ۔ایک تہنیتی بیان میں انھوں نے کہاکہ بلوچستان سے ایم کیوایم کے کونسلروں کی کامیابی ملک بھر کے مظلوم عوام کی فتح ہے اور انشاء اللہ ایم کیوایم صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ سندھ میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیابیاں حاصل کرکے خوشگوار حیرت کے تحفے دیگی ۔دریں اثناء الطاف حسین نے نارتھ کراچی سیکٹر کے کارکن افتخار عباس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے نارتھ کراچی سیکٹر یونٹ 133-Aکے کارکن افتخار عباس کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایم کیوایم کے معصوم کارکنان کو قتل و غارتگری ،چھاپے اور گرفتاریوں کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ہرگز خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے ۔