08 دسمبر ، 2013
پشاور…پشاور میں غیر قانونی بس اڈوں کیخلاف ٹرانسپورٹر برادری نے پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ 15دن میں حکومت نے غیر قانونی اڈے بند نہ کئے تو ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کردیں گے۔ ڈاکٹروں اورنرسو ں کے بعد اب پشاور میں ٹرانسپورٹر برادری نے بھی پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت پشاور بس ٹرمینل کے قریب قائم غیر قانونی بس اڈوں کو 15دنوں میں بند کرائے۔ بصورت دیگر پہیہ جام اور جیل بھرو تحریک شروع کی جائے گی۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ قانون ہے کہ پانچ کلومیٹر میں نئے اڈے نہیں بن سکتے۔ ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ہڑتال کی کال پر شہری پریشاں دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور دہشت گردی کے ستائے ہوئے ہیں۔ رہی سہی کسر ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال پوری کردے گی۔ ڈاکٹروں نے ہڑتال کی ہے اب ٹرانسپورٹرز کریں گے۔ روزگار متاثر ہوگا، پریشانی ہوگی، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ رواں سال پشاوربس ٹرمینل سے پانچ کلو میٹرحدود م 5 نئے اڈے قائم ہوئے ہیں۔ ٹرانسپوٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کی ایک کمیٹی کام کررہی ہے، تاہم ٹرانسپورٹر برادری نے کمیٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔