08 دسمبر ، 2013
کوئٹہ…کوئٹہ میں سندھی ثقافت کے عالمی دن کے موقع پر رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کا رشتہ سسی اور پنو ں کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کیچ کے رہنے والے ہیں۔کوئٹہ پریس کلب میں سندھی ثقافت کے دن پر منعقدہ تقریب میں وزیراطلاعات عبدالرحم زیارت وال نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سندھی اور دیگرزبانوں میں گانے اور رقص پیش کیے گئے۔وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اکیسویں صدی میں زبان کوفتح نہیں کیا جاسکتا، اسے صرف فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مادری زبان میں تعلیم جلد شروع کریں گے، ان کی حکومت کا ایجنڈا بلوچستان کے عام آدمی کا ایجنڈا ہے۔