09 دسمبر ، 2013
لندن…ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام برطانیہ میں بھی یوم شہداء منایاگیا۔اس سلسلے میں تحریکی جدوجہدکے دوران اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام لندن کے مقامی ہال میں قرآن خوانی کا اجتماع منعقد کیاگیا اور شہیدوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔یوم شہداء کے اجتماع میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر،شیفیلڈ، بریڈفورڈ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم یوکے کے کارکنوں ، عہدیداروں، خواتین ، بزرگوں اوربچوں نے شرکت کی ۔ اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت ، رابطہ کمیٹی لندن کے دیگر ارکان،پاکستان سے آئے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرڈاکٹرفاروق ستار ، رابطہ کمیٹی کے رکن عادل صدیقی ، سینیٹر بابر غوری،سینیٹر بیرسٹرفروغ نسیم ، سینیٹرحسیب خان، رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل اوررکن سندھ اسمبلی روٴف صدیقی نے شرکت کی۔ اجتماع میں ایم کیو ایم کے شہیدکنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران نے بھی اپنے بچوں کے ہمراہ شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستارنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جدوجہدمحروم عوام کے حقوق کے حصول اورمنصفانہ نظام کے قیام کیلئے ہے اوراس جدوجہدکی پاداش میں ایم کیوایم کوبرسوں تک ریاستی ظلم وستم کانشانہ بنایا گیا ، تحریک کے ہزاروں کارکنوں کوگرفتارکرکے وحشیانہ تشددکانشانہ بنا کر ماورائے عدالت قتل کردیاگیا۔تحریک کے شہیدوں میں قائدتحریک الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصر حسین اوربھتیجے عارف حسین بھی شامل ہیں ۔ دشمن قوتوں نے ایم کیوایم کوختم کرنے ،اسے تقسیم کرنے اورکارکنان وعوام کو الطاف حسین سے متنفر کرنے کی ہزارہا سازشیں اورکوششیں کیں لیکن وہ اپنی ناپاک سازشوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔آج بھی ایم کیوایم کوختم اورکمزور کرنے کیلئے اسکے خلاف سازشوں کاطوفان کھڑاکیاجارہاہے لیکن ایم کیو ایم کے کارکنان وعوام نے اپنے اتحاد اورعزم وحوصلے سے ماضی میں بھی سازشوں کامقابلہ کیا تھااورآج بھی اپنے اتحادسے ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے تحریک کے شہیدوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیاکہ ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیں گے اورمشن ومقصدکے حصول کیلئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے۔