پاکستان
10 دسمبر ، 2013

سپریم کورٹ متحدہ کے کارکنوں کی بازیابی کیلئے بھی اقدامات کرے، رابطہ کمیٹی

 سپریم کورٹ متحدہ کے کارکنوں کی بازیابی کیلئے بھی اقدامات کرے، رابطہ کمیٹی

کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کی جانب سے لاپتہ افرادکے مقدمہ کی جراتمندانہ سماعت اوردوٹوک فیصلے کوسراہتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کے مقدمہ کی بھی فوری سماعت کی جائے اوران کی بازیابی کیلئے بھی اسی موٴثراندازمیں کام کیاجائے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ 19جون 1992ء کو ایم کیوایم کے خلاف شروع ہونے والے ریاستی آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 28 کارکنوں گرفتارکرکے لاپتہ کردیاگیا اورکئی سال گزرجانے کے باوجود آج تک ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہے۔ اسی طرح اگست 2013ء سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 34کارکنان کاتاحال کچھ پتہ نہیں ہے ۔بعض کارکن ایسے ہیں جو مارچ کے مہینے سے لاپتہ ہیں۔ انہیں مختلف ریاستی اداروں نے گرفتارکیالیکن کئی ماہ گزر جانے کے باوجود ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایاجارہاہے کہ وہ کہاں ہیں اور انہیں کس جرم میں گرفتارکیا گیاہے۔ تاحال انہیں کسی عدالت میں بھی پیش نہیں کیاگیاہے اور عدالتوں کادروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود ان لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ انصاف سے محروم ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سپریم کورٹ نے دیگر لاپتہ افراد کے مقدمہ میں جس طرح مسلسل سماعت کرکے جراتمندانہ فیصلہ دیاہے اسی طرح ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کے مقدمات بھی فوری طورپرچلائے جائیں اوران کی بازیابی کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے فیڈریشن آف پاکستان چمبرآف کامرس انڈسٹری کے سالانہ انتخابات میں صدرکیلئے ذکریاعثمان اورسینئر نائب صدرکیلئے شوکت احمد کوبلامقابلہ منتخب ہونے پردلی مبارکبادپیش کی ہے۔اپنے تہنیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس انڈسٹری کے نومنتخب صدراورسینئرنائب صدرکوان کی بلامقابلہ کامیابی پردل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کرتے ہوئے امیدظاہرکی کہ نومنتخب عہدیداران بلاامتیازرنگ ونسل اورزبان خدمت کواپناشعار بنائیں گے اورموجودہ حالات کابلاخوف وخطرمقابلہ کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چمبرآف کامرس انڈسٹری کی ترقی اوردرپیش مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کرینگے۔

مزید خبریں :