پاکستان
10 دسمبر ، 2013

تمام طبقوں میں اتحاد کیلئے انسانی حقوق کااحترام لازم ہے،الطاف حسین

 تمام طبقوں میں اتحاد کیلئے انسانی حقوق کااحترام لازم ہے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ معاشرتی اقدار کے فروغ ،انصاف ومساوات کے نظام کے قیام اور معاشرے کے تمام طبقوں میں اتحادویکجہتی کیلئے انسانی حقوق کااحترام لازمی امر ہے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج اکیسویں صدی میں دنیاترقی کے میدان میں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں جمہوری دورہونے کے باوجود آج بھی مختلف شکلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کی سب سے بڑی اورسنگین مثال سیاسی کارکنوں اور دیگرشہریوں کوگرفتارکرکے لاپتہ کیا جانا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردینا اور عدالتوں میں پیش نہ کرنا انہیں حصول انصاف کے بنیادی حق سے محروم کرناہے۔ دوسری جانب ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے باعث کاروکاری،غیرت کے نام پر قتل، ونی،سوماراوردیگرفرسودہ رسومات کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورذیوں کاعمل کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ جب تک ان معاملات کاسدباب نہیں کیاجائے گااس وقت تک پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی۔دریں اثناء کراچی سینٹرل جیل میں اسیرایم کیوایم کے ذمہ دارن وکارکنان نے ”یومِ شہداء“ انتہائی عقیدت واحترام سے منایااورتمام شہداء کوان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس سلسلے میں سنیٹرل جیل میں حق پرست شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی اورآیت کریمہ کاوردکیاگیاجس میں کئی برسوں سے اسیرایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان اور دیگر قیدیوں نے شرکت کی ۔یومِ شہداء کے موقع پر الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصرحسین شہید،بھتیجے عارف حسین شہید اورشہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہید سمیت حق پرستانہ جدوجہدمیں لازوال قربانیاں پیش کرنیوالے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس موقع پراسیرکارکنان نے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہم شہداء کا لہو کسی قیمت پر رائیگاں نہیں جانے دینگے اورتحریک کے خلاف کسی بھی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اسیرکارکنان اس بات کا عزم کیاکہ وہ لہوکے آخری قطرے اورسانس تک حق پرستی کی جدوجہدمیں شامل رہیں گے ،وہ قیدوبندکی صعوبتیں برادشت کرنے کو تیار ہیں مگرقائدتحریک الطاف حسین کاساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

مزید خبریں :