15 دسمبر ، 2013
کراچی …صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں انڈس اسپتال کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات عوامی فلاحی منصوبوں میں آگے آرہے ہیں، حکومت نجی شعبے میں عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کورنگی میں نجی شعبے میں انڈس اسپتال کے توسیعی منصوبے کاافتتاح کیا۔ توسیعی منصوبے کے تحت اسپتال کے بستروں کی تعداد 150سے بڑھاکر15سو کردی جائیگی۔اس موقع پر خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان شہریوں کو صحت کی تمام سہولتیں فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے،عوام کو صحت سے متعلق سہولتوں کیلئے نجی شعبے کو ہرممکن سہولت فراہم کریں گے۔ صدرپاکستان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تاجر، مخیرحضرات اور ڈاکٹرز بھی عوام کی خدمت کیلئے آگے آرہے ہیں۔عوام کی بے لوث خدمت اور مددکے لئے سامنے آنے والے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ قائد اعظم کے زریں اصولوں پر عمل کرکے عوام کی خدمت کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔ صدر ممنون حسین نے انڈس اسپتال کی توسیع کیلئے پچاس لاکھ روپے عطیہ کا اعلان بھی کیا۔