15 دسمبر ، 2013
کوئٹہ…کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں کی بھاگ دوڑ جار ہے،اس سلسلے میں آزاد نمائندوں کی حمایت فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔صوبائی الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے 58حلقوں میں سب سے زیادہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی جن کی تعداد اکیس ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے 18اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پانچ امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جبکہ باقی 14نشستوں پر دیگر مختلف جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ سیاسی جماعتیں شہر میں اپنا میئر اور ڈپٹی میئر لانے کیلئے مزید سرگرم ہوگئی ہیں۔ پشتونخوا میپ اور مسلم لیگ ن کی جانب سے آزاد نمائندوں کی حمایت کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چند آزاد نمائندوں نے ان دوجماعتوں کی حمایت کا اعلان بھی کردیا ہے اور کچھ نے تو ان دو جماعتوں میں باقاعدہ شمولیت بھی اختیار کرلی ہے۔ پشتونخوا میپ کا دعویٰ ہے کہ انھیں میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے 27 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن بھی تیس ارکان کی حمایت کی دعوے دار ہے۔ جن میں الیکشن سے پہلے قائم کئے گئے گرینڈ الائنس کے کامیاب امیدوارشامل ہیں جن کی جانب سے پہلے ہی متفقہ امیدوار سامنے لانے کا اعلان کیاجاچکاہے اس گرینڈ الائنس کا پشتونخوا میپ حصہ نہیں تھی۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کا میئر پشتونخوا میپ یا مسلم لیگ ن سے ہی ہوگا،اب یہ وقت بتائے گا کہ ان عہدوں کا ہما ان میں سے کس جماعت کے سر پر بیٹھتا ہے۔