15 دسمبر ، 2013
لاہور…وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مہنگائی پشاور میں ہے عمران خان جلوس لاہورمیں نکال لا رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کر کے دکھائیں، اپنی سونامی اب مال روڈ کی پیالی میں کیوں بند کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کی کامیابیاں مخالفین کوہضم نہیں ہورہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں ہلا گلا کرنے والے عمران خان بتائیں کیا انہوں نے خیبرپختونخوا کو بہتربنالیا؟ پرویز رشیدکا کہنا تھا کہ عمران خان دھرنوں سے حکومتیں ختم کرنے کا کلچرشروع کررہے ہیں، ان کی لڑائی نوازشریف کے ساتھ ہوسکتی ہے، ملکی معیشت پرڈرون حملہ کیوں کرنا چاہتے ہیں؟پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جمہوری نظام کو ڈبونا چاہتے ہیں، انہیں چاہیے اپنا مقدمہ عدلیہ اور میڈیا کے سامنے لڑیں۔