15 دسمبر ، 2013
لاہور… ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ حکومت کیلئے کانٹوں کا تاج بن جائے گا۔ کابینہ کی منظوری کے بغیر تمام کارروائی انصاف کے اصولوں کے خلاف اور انتقامی ہے۔ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین کا کہناتھا کہ وفاقی کابینہ کی باقاعدہ کارروائی میں مشرف کیخلاف مقدمہ زیر بحث نہیں آیا، نہ ہی کوئی فیصلہ کیا گیا،بعض وجوہات کی بناء پر اس مقدمے کے نہایت سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیروزگاری عروج پر ہے،عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، آٹا، چاول اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ناقابل برداشت ہوچکی ہیں،لیکن حکومت کی عوام کے بنیادی مسائل پر کوئی توجہ نہیں، وہ عوام سے کیے وعدے فراموش کر چکی ہے۔