پاکستان
15 دسمبر ، 2013

ایم کیوایم میں شمولیت کا مقصد کسی عہدے کا حصول نہیں، سیدہ فرح ناز

ایم کیوایم میں شمولیت کا مقصد کسی عہدے کا حصول نہیں، سیدہ فرح ناز

کراچی…پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ سندھ کی فنانس سیکریٹری سیدہ فرح ناز نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے فکر وفلسفہ ، نظریئے اور ملک بھر کے 98فیصد غریب و متوسط طبقے کے افراد کے حقوق کے حصول کی عملی جدوجہد سے متاثر ہوکر اپنی دیگر خواتین ساتھیوں سمیتایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے اتوار کی شام خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں رکن رابطہ کمیٹی سینٹر نسرین جلیل کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ تحریک انصاف چھوڑکر ایم کیو ایم میں شمولیت اخیتار کرنے والی دیگر خواتین میں محترمہ رباب کاظمی ، محترمہ نازیہ ، محترمہ شاہدہ اور دیگر شامل ہیں ۔ اس سے قبل سینٹر نسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان میں تبدیلی لانے کی عملی جدوجہد کرتی رہی ہے ، پچھلے 65برس سے ملک پر وڈیرے ، جاگیردار ، سردار حکومت کرتے رہے ہیں ان کے برعکس ایم کیوایم نے دعوے نہیں کئے ہیں بلکہ ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقے کے پڑھے لکھے افراد کو ایوانوں میں بھیجا ہے ، نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں کو عوام کا کچھ احساس نہیں ہے اور یہ صرف غریب ومتوسط طبقے کے لوگ جانتے ہیں کہ کس طرح سے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، الطاف حسین نے ہمیشہ خواتین کے احترام کا درس دیا ہے ، ایم کیوایم کی خواتین نے ہر مشکل اور کڑے وقت میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ نسرین جلیل نے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین عہدیداران کی متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ۔ بعدازاں سیدہ فرح ناز نے صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف میں تبدیلی کیلئے پرجوش ہوکر طویل عرصے تک کام کیا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اس میں تو کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے بلکہ صرف چہرے تبدیل ہوئے ہیں ۔ ان کے دعوؤں میں صرف مڈل کلاس کیلئے نعرے ہیں اور قول و فعل میں تضاد موجود ہے ، اس صورتحال سے مایوس ہوکر جب ہم نے دوسری سیاسی جماعت منتخب کرنے کیلئے موازنہ کیا تو ایم کیوایم کے علاوہ منظم ترین جماعت ہمیں کوئی دکھائی نہیں دی ، الطاف حسین کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے اسی وجہ سے میں نے اور میری ساتھی خواتین نے ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔اس کا مقصد کسی عہدے کا حصول نہیں ہے بلکہ سچے مشن ، مقصد اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے عملی کام کرنا ہے ،جلدپی ٹی آئی سے مایوس دیگر خواتین بھی ایم کیوایم کا حصہ بنیں گی ۔

مزید خبریں :