18 دسمبر ، 2013
راولپنڈی… راول پنڈی میں گذشتہ رات ہونے والے خودکش حملے کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھادیا ہے، جبکہ حملے میں جاں بحق دو عزاداروں کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی ہے۔ راول پنڈی کے علاقے گریسی لین میں گذشتہ رات ہوئے خود کش دھماکے کے اثرات اب بھی فضا میں موجود ہیں ، ہر طرف ڈر ، خاموشی اور سوگواری کی کیفیت طاری ہے ۔واقعے کی جگہ پر شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور پولیس تفتیش میں مصروف ہے ، شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔گذشتہ شب خودکش حملے کے بعد حراست میں لیے گئے مشکوک شخص سے بھی تفتیش جاری ہے اور اسے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پولیس کے اعلیٰ افسران کا اجلاس راول پنڈی میں جاری ہے۔حملے میں جاں بحق ہونے والے دو عزاداروں وسیم ، اور غلام شبیر کی نماز جنازہ راول پنڈی میں ادا کی گئی۔ گذشتہ رات راول پنڈی کی اثنا عشری امام بارگاہ کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت چار افراد جاں بحق اور13زخمی ہوگئے تھے۔ خودکش حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن پولیس کی مزاحمت پر اس نے باہر ہی خود کو دھماکے سے اڑالیا ، جس وقت یہ دہشت گرد کارروائی کی گئی اس وقت مسجد اثنا عشری میں مجلس جاری تھی ، پولیس ا ہلکاروں نے جان پر کھیل کر بڑی تباہی سے بچالیا ، واقعے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی امانت علی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، جبکہ ایس ایچ او رب نواز کی نماز جنازہ آج شام چار بجے پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔زخمیوں کا بے نظیر بھٹو اسپتال میں علاج جاری ہے۔