دنیا
18 دسمبر ، 2013

بھارتی سفارت کار کی برہنہ تلاشی،بھارت میں شدید غصہ

بھارتی سفارت کار کی برہنہ تلاشی،بھارت میں شدید غصہ

نئی دہلی …بھارتی سفارتکار کی برہنہ تلاشی پر بھارت میں شدید غصہ پایا جارہاہے ،امریکا کہتا ہے کہ کوئی امتیازی سلوک نہیں ، معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکا میں بھارتی سفارتکار کے ساتھ ناروا سلوک پر راجیہ سبھا میں بحث ہوئی، کئی ارکان نے واقعہ پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی سفارت کار دیویانی کو امریکا میں استثنیٰ کیوں نہیں دیا گیا؟، اْن کی برہنہ تلاشی کیوں لی گئی ؟۔راجیہ سبھا نے حکومت سے فوری طور پر امریکا کے ساتھ یہ معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی حکومت کو ای میل کے ذریعے دیویانی نے اپنی اور بچو ں کی سیکورٹی اور عزت کی حفاظت کی اپیل کی ہے۔انہوں نے لکھا کہ انہیں کئی بار ہتھ کڑی لگا کر برہنہ تلاشی لی گئی اور حراست میں رکھاگیا،لیکن انہوں نے اپنا وقار برقرار رکھا کیونکہ وہ بھارت کی نمائندگی کررہی تھیں ،دیویانی کے معاملے پر بھارت نے امریکا سے غیر مشروط معافی کابھی مطالبہ کیا ہے ، تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ دیویانی سے وہی سلوک کیا گیا جو دوسرے ملزموں سے کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف کا کہنا ہے کہ نائب قونصلر کی گرفتاری کے واقعے سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔ یہ حساس معاملہ ہے اور امریکا اس کا جائزہ لے رہا ہے۔دیویانی کھوبرا گاڑے کو گھریلو ملازم کے لیے غلط بیانی سے ویزا حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ڈھائی لاکھ ڈالر کی ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

مزید خبریں :