18 دسمبر ، 2013
نوشہرہ…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طالبان گروپوں سے اپیل کی ہے کہ پولیو ورکرز پر حملے نہ کریں، پولیو کا خاتمہ نہ ہوا تو کوئی ملک پاکستانیوں کو آنے کی اجازت نہیں دے گا۔ عمران خان اکوڑہ خٹک نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ تین ماہ میں پولیو کی بیماری پر قابو پالیں گے، اگر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے نہ پلائی گئی تو ان کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کی معاشی مدد اور تحفظ فراہم کریں گے۔نیٹو سپلائی کے معاملے پر عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے امن کی خاطر نیٹو سپلائی روکی ہے، مذاکرات کے ذریعے ہی امن ممکن ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور زیادہ نوٹ چھاپنے سے مہنگائی ہورہی ہے، مہنگائی کو روکنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔اس سے پہلے عمران خان نے اکوڑہ خٹک کے سول اسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔