19 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،پنجاب کے بیشترشہروں میں صبح اوررات کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ قلات کا درجہ حرارت منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ آج صبح ملتان ایئرپورٹ کو 4سے 5گھنٹے کے لیے عارضی طور پرپروازوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا تھا جو دوپہر کے وقت دھند چھٹنے کے بعد کھول دیا گیا۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیاں چلاتے وقت فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہفتے کے روز دھند میں کمی کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات کا درجہ حرارت منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ خیبرپختونخوا اور سندھ کے شہروں میں بھی سردی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ محکمہٴ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، راول پنڈی اور کشمیرکے چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت قلات کے بعد پاراچنار میں منفی 07 ا ور اسکردو میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔