19 دسمبر ، 2013
پشاور…پشاور کی ضلعی انتظامیہ ڈاکٹروں کے اغواء کی روک تھام کیلئے متحرک ہو گئی ہے۔ جس کے تحت ڈاکٹرز کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سید ظہیر الاسلام نے سینئر ڈاکٹرز کے اغواء کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اسسٹنٹ کمشنر پشاور اسد ہارون کو کوآرڈی نیٹر مقرر کرتے ہوئے مختلف پلاز ہ مالکان سے رابطے میں رہنے اور مشترکہ سیکیورٹی پلان تیار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ جس پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے اے سی او پشاور نے ان پلازہ مالکان پر مشتمل اجلاس طلب کیا۔ جن میں ڈاکٹرز کے کلینکس قائم ہیں۔ اجلاس میں پلازہ مالکان کو انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے، پلازوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور نجی گارڈز کی تعداد زیادہ کرنے سمیت متعلقہ تھانوں سے رابطے میں رہنے کے احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پلازوں کے سامنے تجاوزات ازخود ہٹائی جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے بر وقت نمٹا جا سکے۔