28 مارچ ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے ایساف کنٹینرز گمشدگی کا از خود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے نیب کو حکم دیا ہے کہ سارے معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی تین رکنی بنچ نے لاپتہ کنٹینرز کیس کی سماعت کی ، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میڈیا میں خبریں آ رہی ہیں کہ اسکینڈل 70 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ،ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین ایف بی آر کو رپورٹس پر سنجیدہ تحفظات ہیں اور چیئرمین کا کہنا ہے کہ تعداد اتنی نہیں جتنی بتائی جا رہی ہے ، اس پر جسٹس طارق پرویز نے استفسار کیا کہ انہیں کیسے پتہ ہے کہ تعداد اتنی نہیں ، عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ معاملے کی انکوائری کی جائے اور ہر پندرہ دن بعد سپریم کورٹ کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ایف بی آر کی طرف سے مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان کی تفتیش کی جا رہی ہے۔