10 جنوری ، 2012
اسلام آباد … پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا جائزہ لینے کے لئے پارٹی کی مرکزی قیادت کا ہنگامی اجلاس ایوان صدر میں طلب کر لیا ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اجلاس طلب کئے جانے کی تصدیق کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے پارٹی کے مرکزی رہنماوٴں کو ایوان صدر مشاورت کے لئے بلایا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری اس وقت کراچی میں ہیں اور بلاول ہاوٴس میں تمام طے شدہ مصروفیات ترک کر کے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ پارٹی کے مرکزی رہنماوٴں اور وفاقی وزراء کو بھی فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم گیلانی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے این آر او عملدرآمد کیس پر دیئے گئے فیصلے پر مشاورت کے بعد حکومت آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومتی جماعت پیپلز پارٹی کی طرف سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔