28 مارچ ، 2012
کراچی … وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اے این پی کے کارکن کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی، وزیر داخلہ سندھ نے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے، پولیس چیف نے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز کو تمام نفری کے ساتھ سڑکوں پر آکر امن و امان بحال کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن کی فائرنگ کے واقعے میں ہلاکت کے واقعے کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ سندھ منظور حسین وسان نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری جانب پولیس چیف کراچی نے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو تمام نفری کے ساتھ سڑکوں پر آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار شرپسندوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں اور امن و امان بحال رکھیں۔