24 دسمبر ، 2013
کراچی …کراچی میں آج بم دھماکوں میں چار افراد جاں بحق جبکہ ریسکیو ورکز سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کراچی میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔ مرکزی جلوس کے راستے کو مکمل طور پر سیل کیا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے پورے راست کو کلیئر کیا گیا۔ شہر بھر چھوٹے جلوسوں کی گزر گاہوں، مجالس اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے انتظامات بھی سخت ہیں۔ تاہم اس کے باوجود مرکزی جلوس کے راستے میں ایم اے جناح روڈ پر سائین بورڈ کے پول میں بم نصب کرکے ٹائمر کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔ اس کے تھوڑی دیر بعد کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن نمبر پونے دس میں امام بارگاہ عزا خانہ کوثر کے اندر بم رکھ کر دھماکا کیا گیا، جس کی اطلاع ملنے پر رینجرز، پولیس اور امدادی اداروں کے رضاکار موقع پر پہنچے تو اس کے قریب ہی فٹ پاتھ پر دوسرا بم دھماکا کیا گیا۔ دھماکے میں 4افراد ہلاک اور 20افراد زخمی ہوئے ۔ ڈی اٰئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق اورنگی ٹاوٴن کے علاقے قصبہ کالونی میں شہزاد موڑ کے قریب بھی ایک چھوٹا بم دھماکا ہوا۔ یہ بم ایک دیوار کے ساتھ نصب تھا جس سے دیوار کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اورنگی ٹاون کے زخمی اور عینی شاہد نے بتایا کہ دوسرا دھماکا موٹر سائکل میں نصب بم کا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ایک گھنٹے کے دوران کئے گئے چاروں بم دھماکوں کی تحقیقات جاری ہیں۔