پاکستان
28 مارچ ، 2012

الطاف حسین نے کہا میرے گھر سے دہشتگرد ملے اسے بھی پکڑو، رحمان ملک

الطاف حسین نے کہا میرے گھر سے دہشتگرد ملے اسے بھی پکڑو، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کل کراچی سے 35 افراد کو گرفتار کیا گیا،ایم کیو ایم کے کارکنوں کا قتل فساد پھیلانے کی سازش ہے، واقعات کی وجہ کراچی میں اسلحے کی بھاری تعداد میں ترسیل ہے، الطاف حسین نے کہا کہ میرے گھر سے بھی دہشت گرد ملے تو اسے پکڑو، کراچی واقعات میں ایسا ملزم ملوث ہے جو 34 مرتبہ پکڑا گیا، قانون میں سقم کے باعث ضمانت ہوگئی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی میں امن و امان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اگر میرے گھر سے بھی دہشت گرد ملے تو اسے پکڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل کراچی سے 35 افراد کو گرفتار کیا گیا، کراچی میں تحریک طالبان کے شدت پسند بھی موجود ہیں، کراچی واقعات میں ایک ایساملزم ملوث ہے جو 34 مرتبہ پہلے پکڑا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ملزم قانون کی سقم کی وجہ سے ہر مرتبہ ضمانت پر رہا ہوا، قانون شہادت میں ترمیم کا بل 3سال سے التوا کا شکار ہے، انسداد دہشت گردی قوانین میں ترامیم پر اعتراض دور کیا جاسکتا ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کا قتل بھی فساد پھیلانے کی سازش ہے، واقعات کی وجہ کراچی میں اسلحے کی بھاری تعداد میں ترسیل ہے، حالات ٹھیک کرنے کیلئے پاکستان کو اسلحے سے پاک کرناہوگا۔ ایک موقع پر اسپیکرقومی اسمبلی نے رحمان ملک کو تقریر کے دوران ٹوک دیا اور ہدایت کی کہ قانون سازی اور دیگر معاملات کے بجائے کراچی کے حالات پر بات کریں۔ اجلاس کے دوران سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ روز (ن) لیگ کے کارکن کے بیٹے کو گولی ماری گئی، مجھے بتایا گیا کہ ہمارے کارکن کے بیٹے کو ایم کیو ایم کے کارکنوں نے قتل کیا، ایم کیو ایم کے2 کارکنوں کا قتل بھی قابل مذمت ہے۔ سینیٹر افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کیلئے مل کر کوشش کرنی چاہئے۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ قاتلوں کا تعلق کسی گروپ سے ہو اسے قرار واقعی سزا دی جائے، مسلم لیگ (ن) کے کارکن کے بیٹے کا قتل بھی قابل مذمت ہے۔

مزید خبریں :