پاکستان
24 دسمبر ، 2013

پشاور : سانحہ کوہاٹی چرچ کے باعث کرسمس سادگی سے منانے کا فیصلہ

پشاور : سانحہ کوہاٹی چرچ کے باعث کرسمس سادگی سے منانے کا فیصلہ

پشاور…پشاور میں سانحہ کوہاٹی چرچ کے باعث مسیحی برادری نے اس بار سادگی سے کرسمس منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب کرسمس کے پیش نظر گرجا گروں کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ پشاور میں مسیحی برادری بڑے جوش و جذبہ سے کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا جا رہاہے۔تا ہم کوہاٹی کے گرجا گھرمیں 22 ستمبر کو ہونے والے خود کش بم دھماکے کے باعث کرسمس تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوہاٹی چرچ میں خودکش دھماکے کے پیش نظر رواں سال پشاور میں تمام گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام گرجا گھروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ کوہاٹی چرچ میں 22 ستمبر کے المناک واقعے میں مرنے والوں کی تصاویر چسپاں کی گئی ہیں، جس سے مسیحی برادری کوپہنچنے والے صدمے اوررنج وغم کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ المناک سانحے کی یاد میں کوہاٹی چرچ میں چراغاں نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :