24 دسمبر ، 2013
کوئٹہ …کوئٹہ میں بھی شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس عقیدت و احترام سے نکالا گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کا چہلم کوئٹہ میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر میں تعزیوں، علم اور ذوالجناح پر مشتمل مرکزی جلوس کا آغاز صبح دس بجے علم دار روڈ پر شہداء چوک سے ہوا۔ عزا دار روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے سوا چار بجے علم دار روڈ پر بہشت زینب قبرستان پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔ہزارہ ٹاوٴن میں بھی چہلم شہدائے کربلا کا جلوس نکالا گیا۔ جلوسوں کے موقع پر کوئٹہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ راستے سیل کردیے گئے جبکہ پولیس اور ایف سی کے تقریباً پانچ ہزار اہلکار تعینات رہے۔ اس کے علاوہ موبائل فون سروس بھی معطل رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔